محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے باعث پنجاب میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی

محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے باعث پنجاب میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی

لاہور ( اخبارتازہ ترین ۔ 11 اگست 2021ء ) محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے باعث پنجاب میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے نویں اور دسویں محرم پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے ، اس پابندی کا اطلاق لاہور سمیت پورے پنجاب میں ہوگا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے 9 اور 10 محرم کو صوبے بھر میں ڈبل سوار پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم اس پابندی کا اطلاق خواتین اور بچوں پر نہیں ہو گا۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت کی جانب سے امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے لاہور سمیت بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، 9 اور 10 محرم الحرام کو لاہور سمیت بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی ، موبائل فون سروس کی بندش کا اطلاق ذوالجناح کے جلوسوں کے روٹس پر ہوگا ، محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا ہے کہ لاہور میں یوم عاشور کے جلوس کے روٹس اور گردونواح میں موبائل فون سروس بند کی جائے گی ، موبائل فون سروس ان مقامات پر بند رکھی جائے گی جو شہر کے حساس علاقے ہیں ، اس کے علاوہ صوبے کے مزید شہروں کے ناموں کی بھی فہرست طلب کرلی گئی ہے ، لاہور کے ساتھ ساتھ ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، بہاو لپور، رحیم یار خان، اٹک، ڈی جی خان سمیت متعدد بڑے اضلاع میں موبائل فون سروس بند ہوگی ، موبائل فون سروس کی بندش کا اطلاق ذوالجناح کے جلوسوں کے روٹس پر ہوگا۔

ادھر این سی او سی نے بھی محرم الحرام کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردیں، مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ، تھرمل اسکریننگ یقینی بنائی جائے، گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائےگا، مجالس ہوادار اور کُھلے کمروں میں منعقد کی جائیں، مجالس کے دوران کورونا ایس اوپیز کو نمایاں آویزاں کیا جائے گا ، ، یہ ہدایات علماء کرام کی سفارشات کو مدِّنظر رکھ کر جاری کی گئی ہیں ، مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا ایس او پیز کو نمایاں آویزاں کیا جائے گا۔

این سی او سی سے جاری شدہ ہدایات نامے میں کہا گیا کہ تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیزکے تحت منعقد کیے جائیں گے۔ مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ، تھرمل سکریننگ یقینی بنائی جائے گی ، گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے گا، مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ہینڈ سیناٹئزرز اور ماسک مہیا کیے جائیں گے ، مجالس ہوادار اور کُھلے کمروں میں منعقد کی جا ئیں گی، ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کر سکے گی ۔

Leave a Comment