نشے کے عادی شوہر نے بیوی اور2 بچوں کو قتل کر کے جلا ڈالا |
لیہ ( تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2021ء) : سفاک شوہر نے اپنی بیوی اور دو بچوں کو قتل کر کے لاشیں جلا ڈالیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں نشے کے عادی شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی اور دوبچوں کو قتل کر کے جلا دیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ لیہ کےعلاقے چوک اعظم میں تہرے قتل کی لرزہ خیزواردات ہوئی جہاں نشے کے عادی شخص نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کرکے لاشوں کو آگ لگا دی۔
پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے نشتر اسپتال منتقل کردیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق عرفان نامی نے گھریلو ناچاقی پر بیوی ، سات سال کی بیٹی اور ایک سال کے بیٹے کو تیز دھار آلے سے قتل کرکے لاشوں کو جلادیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر معمولی تلخ کلامی پر میاں بیوی نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی علیحدہ رہتے تھے کیوں کہ ان کے درمیان 5 سالہ بیٹے کی وجہ سے تنازع چل رہا تھا اورعید سے قبل خاتون اپنے بچے کو لے کر گھر آگئی جس کو لینے کے لیے شوہر ذیشان علی اس کے گھر آیا تو تلخ کلامی ہوگئی جو اس قدر بڑھی کہ دونوں میاں بیوی نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔ واقعے سے متعلق پولیس نے بتایا ہے کہ دونوں کے پاس موجود اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے جب کہ ایک دوسرے پر فائرنگ کی وجہ سے میاں بیوی کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر میاں بیوی کے آپس میں ایک دوسرے پر الزامات اور قتل و غارت ایک عام سی بات ہو گئی ہے۔ کبھی گھریلو ناچاقی پر بیوی سارا غصہ بچوں پر نکال دیتی ہے تو کہیں شوہر بیوی سے تنگ آ کر بچوں کو قتل کرنے تک کی نوبت لے آتے ہیں