لاہور (تازہ ترین اخبار ۔ 16 اگست 2021ء ): پاکستان واپڈا نے ٹوکیو اولمپکس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والےاولمپیئن ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو 25 ،25 لاکھ روپے کا انعام دے دیا۔ ارشد ندیم اور طلحہ طالب کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے مقابلوں میں میڈل جیت کر لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لال واپڈا ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں قومی ہیروز ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے پچیس پچیس لاکھ روپے کے چیکس جب کہ ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی۔
تقریب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ سپورٹس باڈیز کے آپس میں اختلافات کی وجہ سے ہمارے کھیل ترقی نہیں کر سکے، ملک میں حب الوطنی اور اتحاد سپورٹس کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم اور ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے مستقبل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ سہولیات کے فقدان کے باوجود ٹوکیو اولمپکس میں جیولن تھرو اور ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں ارشد ندیم اور طلحہ طالب دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔