پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے نامزد وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کون ہیں؟

 

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم کے لیے نومنتخب رکن قانون ساز اسمبلی عبدالقیوم خان نیازی کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیراطلاعات نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں اس فیصلے کی تصدیق کی اور لکھا کہ ’طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیراعظم پاکستان و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نو منتخب ایم ایل اے جناب عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

عبدالقیوم نیازی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے پونچھ ڈویژن میں واقع علاقےعباس پور کے ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کا گاؤں درہ شیر خان پاکستان اور انڈین زیرانتظام کشمیر کے درمیان واقع لائن آف کنٹرول کے ساتھ متصل ہے اور اکثر کراس بارڈر فائرنگ کی زد میں رہتا ہے۔
عبدالقیوم نیازی نے الیکشن2021 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے 18 عباس پور سے 24 ہزار841 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس الیکشن میں ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے چوہدری یاسین گلشن نے 16ہزار 64 ووٹ حاصل کیے۔ انہیں اپنے سیاسی حریف پر مجموعی طور پر آٹھ ہزار سات سو 77 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔
عبدالقیوم خان نیازی اس سے قبل ریاستی جماعت آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کا حصہ تھے۔ وہ 2016 کے الیکشن کے بعد تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے 2006 الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی اور ان کے پاس2011 تک کابینہ میں مختلف وزارتوں کے قلمدان رہے۔
اس سے قبل ان کے بڑے  بھائی سردار مصطفیٰ خان بھی 1987 اور 1991 میں رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عبدالقیوم نیازی طویل عرصے سے سیاسی میدان میں موجود ہیں۔ 80 کی دہائی کے اوائل میں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں انہیں سب سے کم عمر ڈسٹرکٹ کونسلر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔
عبدالقیوم نیازی کے حلقے کے قریب واقع شہر راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے صحافی حارث قدیر نے بتایا کہ ’عبدالقیوم خان نیازی طویل عرصے سے میدان سیاست میں ہیں۔ ان کا تعلق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے اس حلقے سے ہے جو انتخابی سیاست کے لحاظ سے حساس ترین شمار ہوتا ہے۔‘

Leave a Comment