لاہور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 4 بچیوں کو ساہیوال سے بازیاب کرا لیا گیا

 

لاہور (تازہ ترین اخبار۔ 04 اگست 2021ء) :لاہور سے لاپتہ ہونے والی 4 بچیوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چار روز قبل لاہور سے مبینہ طور پر 

ہونے والی چار بچیوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔مذکورہ بچیوں کو ساہیوال سے ڈھونڈا گیا ہے۔چاروں بچیاں غلہ منڈی پولیس کی تحویل میں ہیں، لاہور پولیس بچیوں کو لینے کے لیے ساہیوال روانہ ہو گئی ہے۔

پولیس نے بچیوں سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کر دیا کہ آیا وہ اپنی مرضی سے گئی تھیں یا پھر انہیں لے کر جایا گیا تھا۔گذشتہ روز اس سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں رکشہ ڈرائیور اور محلے دار شامل ہیں۔محلے دار رات 11 بجے تک بچیوں کے ساتھ رہا تھا جبکہ 12بجے رکشہ ڈرائیور نے بچیوں کو اتارا تھا۔علاقے کی جیو فینسنگ مکمل کر لی گئی تھی۔

بچیوں میں سے سب سے بڑی بچی کے پاس موبائل فون بھی تھا۔۔پولیس نے موبائل فون کی لوکیشن ٹریس بھی کی تھی جو جوہر ٹاؤن کی آئی،فون کی آخری لوکیشن چونگی امرسدھو آئی جہاں پر موبائل فون بند کر دیا گیا تھا۔پولیس کی ٹیموں نے تفیش کا رُخ چونگی امرسدھو کی جانب موڑ دیا تھا،لوکیٹر کی مدد سے بھی بچیوں کی تلاش جاری رہی۔ ایس پی محمد عمران کا کہنا تھا کہ اغوا ہونے والی بچیوں کی بازیابی کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،امید ہے ملزمان سی سی ٹی کیمروں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس ہو جائیں گے۔

ہماری ٹیمیں علاقے میں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سے رپورٹ طلب کی تھی۔ آئی جی پنجاب نے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی لڑکیوں کا جلد سراغ لگانے کا بھی حکم دیا ۔ آئی جی پنجاب نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروا کر والدین کےحوالے کیا جائے جبکہ ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بچیوں کی گمشدگی پر اعلیٰ حکام نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بچیوں کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں اور کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔

Leave a Comment