راولپنڈی میں شادی کے چند دنوں بعد شوہر نے بیوی کوقتل کر کے خود بھی خودکشی کر لی

راولپنڈی میں شادی کے چند دنوں بعد شوہر نے بیوی کوقتل کر کے خود بھی خودکشی کر لی


گھریلو ناچاکی کا شاخسانہ، راولپنڈی میں شوہر نے شادی کے چند دنوں بعد بیوی کوقتل کر کے خود بھی خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کلر سیداں میں نوبیاہتا بیوی کو قتل کرنے کے بعد شوہر نے بھی خود کشی کرلی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ کلر سیداں کے علاقے پھلینہ میں گھر سے میاں بیوی کی نعشیں برآمد ہوئیں، دونوں کی شناخت 26 سالہ احمد حسن اور 23 سالہ سحرش کے نام سے ہوئی ہے۔

احمد حسن رکشہ چلا کر محنت مزدوری کرتا تھا اور اس کی سحرش سے ایک ماہ پہلے شادی ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کمرے میں مردہ پائے گئے اور قریب سے چھری بھی ملی ہے، ابتدائی شواہد کے مطابق بظاہر اہلیہ کی موت گلا گھونٹ کر دم گھٹنے سے ہوئی ہے جب کہ خاوند کے جسم پر زخموں کے نشان پائے گئے ہیں جن سے خون بہتا رہا اور اس سے اس کی موت واقع ہوئی ہے، مبینہ طور پر احمد نے پہلے بیوی کو قتل کیا اور پھر اس نے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا

دونوں کی نعشیں اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں اور مزید صورتحال ہوسٹ مارٹم اور تفتیش میں واضح ہوگی۔اس سے قبل سوات میں بھی ایسا ہی ہولناک واقعہ پیش آیا تھا۔ جب تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقہ باغ ڈھیرئی میں 21 سالہ پولیس سپاہی نے اپنی نو بیاہتی دلہن کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔ 21سالہ اشرف علی کی شادی چار ماہ قبل 17 سالہ کائنات سے ہوئی تھی۔

اشرف علی کی ڈیوٹی تھانہ مدین میں تھی۔ اتوار کو چھٹی ملنے پر دوپہر کے وقت جب وہ گھر پہنچا، تو اپنی بیوی کے ساتھ کمرہ میں موجود تھا کہ اس دوران انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جس کے بعد خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔ فائرنگ کی آواز سننے کے بعد جب اہل خانہ نے کمرے کا دروازہ توڑا، تو دونوں مردہ حالت میں پڑے تھے

Leave a Comment